12

پٹرولیم لیوی کے خاتمے تک پیچھے نہیں ہٹیں گے، 23 ستمبر کو لاہور سے اسلام آباد سپر لانگ مارچ ہوگا: ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ

حکومت کے پاس جماعت اسلامی کے مطالبات کا کوئی جواب نہیں، تمام ملبہ آئی ایم ایف پر ڈال کر بری الذمہ ہونا چاہتی ہے۔

پٹرول پر تقریباً 106 روپے فی لیٹر لیوی وصول کی جا رہی ہے، شرح سود کم کرکے 9 فیصد کی جائے۔

لاہور(عمرحیات چوہدری) جماعت اسلامی لاہور غربی کے زیر اہتمام لٹن روڈ پر ’’پٹرولیم لیوی اور ملکی معیشت، ماہرین کی نظر میں‘‘ کے عنوان سے مجلس مذاکرہ کا انعقاد کیا گیا۔ مجلس مذاکرہ سے مشیر سیاسی امور جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، سابق صدر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اسد منظور بٹ، پروفیسر مشکور صدیقی، خالد خلیل اللہ اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے پاس جماعت اسلامی کے مطالبات کا کوئی جواب نہیں۔ حکومت تمام معاشی مشکلات کا ملبہ آئی ایم ایف پر ڈال کر خود کو بری الذمہ قرار دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کہتی ہے کہ پٹرولیم لیوی ختم نہیں کی جا سکتی، جبکہ پٹرول پر تقریباً 106 روپے فی لیٹر لیوی وصول کی جا رہی ہے۔
ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت شرح سود کو 11.5 فیصد سے کم کرکے 9 فیصد تک لائے۔ وفاقی حکومت مقامی بینکوں سے بڑے پیمانے پر قرض لے رہی ہے اور قرضوں پر سود کی ادائیگی قومی معیشت پر بڑا بوجھ ہے۔ ان کے مطابق شرح سود میں اڑھائی فیصد کمی سے تقریباً ایک ہزار ارب روپے کی بچت ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی وزراء اور مشیران جماعت اسلامی کی کمیٹی کے سامنے بے بس نظر آ رہے تھے۔ حکومت کے پاس عوام کو ریلیف دینے کے لیے سیاسی عزم نہیں اور پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے پر سنجیدہ پیش رفت نہیں کی جا رہی۔
امیر جماعت اسلامی لاہور نے اعلان کیا کہ 23 ستمبر کی صبح جماعت اسلامی کا سپر لانگ مارچ لاہور سے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی ہر یونین کونسل اور گلی محلوں سے کارکنان اور سول سوسائٹی قافلوں کی صورت میں اسلام آباد روانہ ہوگی۔ کراچی، سکھر، ملتان سمیت ملک بھر سے بھی قافلے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پٹرول پر عائد لیوی کے خاتمے تک جماعت اسلامی اپنے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔
مشیر سیاسی امور جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا کہ سودی نظام کے خلاف جماعت اسلامی گزشتہ نصف صدی سے جدوجہد کر رہی ہے۔ قاضی حسین احمد کی قیادت میں بھی جماعت اسلامی نے سودی نظام کے خلاف دھرنے دیے تھے اور آج حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی اس نظام کے خلاف سڑکوں پر ہے۔
خالد خلیل اللہ نے کہا کہ ضروریات زندگی پر سیلز ٹیکس عائد کیا جاتا ہے جبکہ پٹرول پر لیوی ٹیکس لگایا گیا ہے۔ سودی نظام کے باعث وفاقی حکومت کی آمدن کا بڑا حصہ قرضوں اور سود کی ادائیگی میں خرچ ہو جاتا ہے۔
مجلس مذاکرہ میں جماعت اسلامی لاہور غربی کے سیکرٹری انجینئر طلحہ ادریس، نائب امیر پروفیسر ڈاکٹر میاں محمد اکرم، نائب امیر چوہدری عبد القیوم گجر، ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور عبدالعزیز عابد، نائب امیر زون 167 اکرم شاہین سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں