10

فیول ریلیف اسکیم سے 22 لاکھ سے زائد شہری مستفید، عوامی تجاویز پر مزید سہولتیں شامل کی گئیں: عطاء اللہ تارڑ

پٹرولیم قیمتوں میں عالمی اضافے کے باوجود کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف کی فراہمی جاری، 19 لاکھ ٹوکن جاری؛ 800 سی سی تک گاڑیوں کے لیے ہر 10 روز بعد 10 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت

موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگ چی کے لیے 20 سال تک پرانی گاڑیاں اہل، پانچ لیٹر کی حد ختم، ماہانہ چار ٹوکن کی سہولت؛ جماعت اسلامی کے کارکن پرامن ہیں، تاہم قانون اور عدالتی احکامات پر عمل ہوگا

اسلام آباد (رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے بچانے کے لیے شروع کی گئی خصوصی فیول ریلیف اسکیم کامیابی سے جاری ہے، اب تک 22 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ جبکہ 19 لاکھ ٹوکن جاری کیے جا چکے ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پوری دنیا میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعظم نے غریب اور کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ محکموں کو بروقت ہدایات جاری کیں اور اسکیم کے ہر مرحلے کی خود نگرانی کی۔وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تعاون سے رجسٹریشن کا عمل کامیابی سے مکمل کیا گیا، جبکہ عوامی تجاویز کی روشنی میں اسکیم میں مزید سہولتیں شامل کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگ چی کے لیے پرانی گاڑیوں کی اہلیت 15 سال سے بڑھا کر 20 سال کر دی ہے۔ اب یکم جنوری 2006ء کے بعد رجسٹرڈ موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگ چی بھی اسکیم کے لیے رجسٹریشن کرا سکیں گے۔عطاء اللہ تارڑ کے مطابق موٹر سائیکل، چنگ چی اور رکشہ استعمال کرنے والوں کے لیے مالک ہونا بھی لازمی نہیں رہا جبکہ اسکیم میں اندراج کے لیے ایس ایم ایس سروس مفت کر دی گئی ہے۔ ایک ٹوکن پر پانچ لیٹر پٹرول کی حد بھی ختم کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل، چنگ چی یا رکشہ استعمال کرنے والوں کو ماہانہ چار ٹوکن ملیں گے، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کو ہر دس دن بعد 10 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت دی جا رہی ہے۔ یہ سہولت ملک بھر کے پٹرول پمپس پر دستیاب ہے اور اوگرا کے ذریعے پٹرول اسٹیشنز کو باقاعدہ ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔وفاقی وزیر کے مطابق اب تک 22 لاکھ سے زائد افراد اسکیم میں رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جن میں 92 فیصد موٹر سائیکل، چنگ چی اور رکشہ استعمال کرنے والے شامل ہیں۔ صرف گزشتہ روز 5 لاکھ 57 ہزار سے زائد رجسٹریشنز ہوئیں جبکہ مجموعی طور پر 19 لاکھ ٹوکن جاری کیے جا چکے ہیں۔ صرف گزشتہ روز 5 لاکھ 45 ہزار سے زائد ٹوکن جاری کیے گئے۔پریس کانفرنس کے دوران جماعت اسلامی کے اسلام آباد لانگ مارچ سے متعلق سوال پر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکن پرامن سیاسی سرگرمیوں کے لیے جانے جاتے ہیں اور ان کے احتجاج میں ماضی میں توڑ پھوڑ کے واقعات سامنے نہیں آئے۔انہوں نے تاہم واضح کیا کہ احتجاج اور سیاسی سرگرمی ہر جماعت کا حق ہے، لیکن سڑکیں بند کرکے شہریوں کی آمدورفت میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اسلام آباد میں ٹریفک اور شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر نہیں ہونے دیے جائیں گے اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ کسی بھی پرتشدد گروہ کو اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تاہم پرامن سیاسی سرگرمی اور احتجاج کے حق کو قانون کے دائرے میں تسلیم کیا جاتا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں اور کسی بھی صورتحال سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو فیول ریلیف اسکیم کی پیش رفت سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کیا جا رہا ہے اور عوام کی آراء کی روشنی میں اسکیم میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ ان کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ موجودہ مشکل صورتحال میں ریلیف سب سے زیادہ مستحق افراد تک مؤثر انداز میں پہنچایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں