17

بین المذاہب و بین الثقافتی مذاکرات کی ترویج کیلئے قرارداد منظور

قرارداد میں تسلیم کیا گیا کہ تشدد، عدم برداشت قابل قبول نہیں۔ فوٹو: فائل
قرارداد میں تسلیم کیا گیا کہ تشدد، عدم برداشت قابل قبول نہیں۔ فوٹو: فائل

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں بین المذاہب و بین الثقافتی مذاکرات کی ترویج کیلئے قرارداد منظور کرلی گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قرارداد پاکستان اور فلپائن نے اسپانسر کی تھی، جسے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے متفقہ طور پر منظور کیا۔

ترجمان کے مطابق قرارداد امن کےلیے باہمی تعاون اور بین المذاہب وثقافت بات چیت کے فروغ کیلئے تھی، جس میں مذہبی علامتوں کی اہمیت و احترام کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا۔

قرارداد میں تسلیم کیا گیا کہ تشدد، عدم برداشت قابل قبول نہیں، تشدد کو کسی مذہب، شہریت و تہذیب یا کسی لسانی گروہ سے نہیں جوڑنا چاہیے۔

ترجمان کے مطابق قرارداد اسلامو فوبیا، نسل پرستی اور مذہبی عدم برداشت کے تشویشناک اضافے کے تناظر میں بہت اہم ہے، پاکستان بین المذاہب و ثقافت کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں