اسلام آباد(پ ر) حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان قرض پروگرام کا معاہدہ طے پاگیا۔ اس معاہدے کے تحت اے ڈی بی پاکستان کو 500 ملین ڈالر فراہم کرے تاکہ موسمیاتی تبدیلی اور آفات سے نمٹنے سے متعلق صلاحیتوں میں اضافہ کیا جاسکے۔ وفاقی وزیراقتصادی امور احد چیمہ کی منظوری کے بعد معاہدے پر دستخط کی تقریب 19 نومبر کو وزارت اقتصادی امور میں منعقد ہوئی۔ پاکستان کی جانب سے اس معاہدے ہر سیکرٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز نے دستخط کئے جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے کنٹری ڈائریکٹر پاکستان ایما فین نے معاہدے پر دستخط کئے۔ وزارت اقتصادی امور کو معاہدے کی منظوری دیتے وقت وفاقی وزیر احد چیمہ کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ اس بات کو ظاہرکرتا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اقدامات کو ترجیح دینے اور آفات سے نمٹنے کے لئے مالی اعانت کو بڑھا کر اپنی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری اقتصادی امور اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ یہ کہ معاہدہ ایک پروگرامی نقطہ نظر کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے اور اس کا مقصد قدرتی آفات اور موسمیاتی اثرات کے خطرات سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق موافقت اورآفات کے خطرے سے قبل انتظام کے لیے پاکستان کی صلاحیت کو مضبوط کرنا ہے۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد خطرات کے انتظام کے لیے ادارہ جاتی ڈھانچوں کو مضبوط بنانا ہے، جس میں آفات کے خطرات کی نقشہ سازی، ردعمل سے متعلق ہم آہنگی اور صنفی بنیادوں پر عوامی سرمایہ کاری میں بہتری شامل ہے۔
9