
ترکیہ میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد سیل کی گرفتاری کے بعد اس کی منصوبہ بندی کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق ترکیہ میں 3 دن پہلے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں 33 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ترک میڈیا کے مطابق حکام نے موساد سیل کے ایجنٹوں سے تحقیقات شروع کرنے سے پہلے ان کا اسپتال میں طبی معائنہ کرایا جس کے بعد گرفتار افراد کو استنبول میں پولیس ہیڈ کوارٹر واپس منتقل کردیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق موساد کے ایجنٹ ترکیہ میں رہائش پذیر غیر ملکیوں کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے تھے، یہ افراد بم دھماکے، تخریب کاری، قتل، اغوا، کمپیوٹرز، فونز اور وائی فائی نیٹ ورکس کو ہیک کرنے کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق موساد میں بھرتی کرنے سے پہلے ان ایجنٹوں کے ٹیسٹ کرائے گئے تھے اور ان کی وفاداری کو یقینی بنایا گیا تھا۔