تمام صحافتی تنظیمیں میڈیا کے خلاف کالے قوانین کو نامنظور کرتی ہیں، احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ پی ایف یو جے 14 فروری کو پارلیمنٹ ہاوس کے باہر فیصلہ کن دھرنا دے گی
کالے قوانین کی واپسی تک احتجاج جاری رہے گا، تمام سیاسی زعماء اور اسٹیک ہولڈرز سے رابطے کرنے کی منظوری
راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس نے پی ایف یو جے کے اصولی فیصلوں کی توثیق کر دی، ملک بھر کی صحافتی تنظیمیں اور مندوبین اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے
پی ایف یو جے کے BDM اجلاس کو حتمی شکل دے دی گئی، 6 انتظامی کمیٹیاں قائم، ملک بھر کی نمائندہ صحافتی تنظیموں کے 3 روزہ اجلاس کا انعقاد فائنل
انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس IFJپاکستان میں میڈیا کے حوالے سے ہونے والی قانون سازی کو قریب سے مانیٹر کررہی ہے
راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر طارق عثمانی کی صدارت میں توسیعی اجلاس میں اہم فیصلے
اسلام آباد (پ-ر) راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس نے ملک بھر کے صحافیوں کی نمائندہ تنظیم پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی طرف سے متنازعہ پیکا ایکٹ ترمیمی بل 2025 کے بائیکاٹ اور اس کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کے أصولی فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے 14 فروری کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا دینے اور میڈیا کے خلاف بنائے گئے ان کالے قوانین کی واپسی تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے اور اظہار رائے کی آزادیوں کے خلاف بنائے گئے اس کالے قانون کو مسترد کردیا ہے۔ پی ایف یو جے کے مرکزی سیکرٹریٹ میں راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر طارق عثمانی کی زیر صدارت ہونے والے توسیعی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کی طرف سے میڈیا اور اظہار رائے کی آزادی کے خلاف پیکا ایکٹ کے ترمیمی بل کی واپسی کے لیے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت، ٹریڈ یونینز کے نمائندوں، وکلاء کی تنظیموں، سول سوسائٹیز اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطے اور مشاورت کر کے منظم تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ آر آئی یو جے کے اس توسیعی اجلاس میں جس میں تنظیم کے نمائندوں اور راولپنڈی اسلام اباد کے سینئر صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، اسلام اباد میں منعقدہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے تین روزہ بی ڈی ایم اجلاس میں جس میں ملک بھر سے یوجیز کے نمائندے اور مندوبین شرکت کریں گے کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیااور حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے صحافیوں کی نمائندہ تنظیم پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کا تین روزہ بی ڈی ایم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے جس میں کراچی، لاہور، حیدرآباد، ملتان، کوئٹہ، سکھر، گوجرانوالہ سمیت 50 سے زائد یوجیز کی نمائندہ قیادت اور مندوبین شرکت کریں گے، جو 11 فروری سے اسلام آباد پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔ بی ڈی ایم اجلاس کے بعد 14 فروری کو پیکا ایکٹ ترمیمی بل 2025 کے خلاف پارلیمنٹ کے باہر فیصلہ کن دھرنا دیا جائے گا۔آر آئی یو جے کے توسیعی اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان میں صحافیوں کی نمائندہ تنظیم کی مشاورت کے بغیر آزادی اظہار اور میڈیا کے خلاف بنائے جانے والے کالے قوانین اور صحافیوں کے خلاف ہونے والی زیادتیوں کو پاکستان فیڈرل یونین اف جرنلسٹس سے الحاق شدہ صحافیوں کی انٹرنیشنل تنظیم آئی ایف جے مکمل طور پر مانیٹر کر رہی ہے جو دنیا بھر میں صحافیوں کی لارجسٹ تنظیم ہے اس تنظیم سے 140 ملکوں کی صحافتی تنظیمیں منسلک ہیں جس کے دنیا بھر میں 60,000 سے زیادہ مستند صحافی ممبرزہیں۔ آئی ایف جے کی طرف سے بھی شہری آزادیوں کے خلاف بنائے گئے قوانین پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ آر ائی یو جے کے اجلاس میں بی ڈی ایم اجلاس کے انتظامات کے لیے 6 کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو ملک بھر سے آنے والے صحافتی نمائندوں اور مندوبین کو ٹھہرانے، دیگر انتظامات اور اجلاس کے انعقاد کو حتمی شکل دیں گی۔راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے اس توسیعی اجلاس میں ان خدشات کا اظہار کیا گیا کہ حکومت کی طرف سے پی ایف یو جے کے بی ڈی ایم اجلاس یا پھر متنازعہ پیکا ایکٹ ترمیمی بل کے خلاف پرامن دھرنا میں رکاوٹ ڈالنے کی سازش کی گئی تو پھر احتجاجی تحریک کا دائرہ کار ملک بھرتک پھیلے گا اور اس کی تمام ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی اور پی ایف یو جے کے پرامن احتجاج جو ہر شہری کا جمہوری حق ہے میں رکاوٹ کسی طور پر بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔ راولپنڈی اسلام آباد کی صحافیوں کی نمائندہ تنظیم کے اس توسیعی اجلاس میں نیشنل پریس کلب کے سابق صدر شکیل قرار کے بڑے بھائی محمد قاسم کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا اور ان کی باقاعدہ فاتحہ خوانی کروائی گئی۔آر آئی یو جے کے اس توسیعی اجلاس میں جمیل مرزا، شکیل احمد، محمد اسلم ڈوگر، فرحت فاطمہ، یاسر نذر، مدثر الیاس کیانی، چودھری محمد اسحاق، ڈاکٹر فرقان راؤ، فیصل اعوان، رضوان قاضی، قیصر مرزا،ضیغم نقوی، فرخ نواز بھٹی، رانا رضوان ارشد، عبدالوحید جنجوعہ، یاسر زبیری،محمد فیاض چودھری، عصمت جاوید ہاشوانی، خادم بٹر، عادل شاہ، رانا طارق، نعیم سندھو، عمران قریشی، محمود خان، عابد چوہدری، مبشر علی، محمد عامر نیازی، جنید ملک، بابر بھٹی سمیت جڑواں شہروں کے سینئیر صحافیوں نے بھرپور شرکت کی اور آخر میں BDM اجلاس کے فوری بعد تمام الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے اداروں میں یونٹ چیف اور ڈپٹی یونٹ چیف مقرر کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔ 3 گھنٹے تک جاری رہنے والے اس طویل دورانیہ کے اجلاس میں تمام شرکاء نے تنظیمی امور پر کھل کر اظہار کیا اور تنظیمی خرابیوں کی بھی نشاندھی کے ساتھ ساتھ آؤٹ گوئنگ باڈی کی جدوجہد کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔






