اہلیان کینٹ کو زندگی کی تمام سہولیات فراہم کرنے کیلئے کنٹونمنٹ بورڈ کا عملہ شب و روز کوشاں ہے ، ترجمان
راولپنڈی ( پ- ر ) راولپنڈی کنٹونمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ہدایات پر محکمہ انسداد تجاوزات نے تجاوزات مافیاء کے خلاف بڑی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جس کا مقصد شہر کی صفائی ستھرائی اور عوامی راستوں کو بلاک کرنے والی غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کا خاتمہ کرنا ہے۔ اس آپریشن کے دوران مختلف اہم تجارتی علاقوں میں غیر قانونی تجاوزات کو ہٹایا گیا، جن میں سڑکوں پر بنائی گئی دکانیں، سیمنٹ کے بلاکس، اور دیگر اشیاء شامل ہیں جو عوامی راستوں پر اثر انداز ہو رہی تھیں۔ کنٹونمنٹ بورڈ کی ٹیم نے اس کارروائی کے دوران علاقے کے متعدد مقامات پر پہنچ کر تجاوزات کو فوری طور پر ہٹایا اور سامان کو گودام میں منتقل کرتے ہوے مالکان کو آگاہ کیا کہ یہ غیر قانونی سرگرمیاں جاری نہیں رہیں گی انکے سامنے اگر کو غیر قانونی ٹہہ لگاتا ہے تو فوراً کنٹونمنٹ ملازمین کو آگاہ کریں ۔ اس آپریشن کا مقصد نہ صرف شہر کی خوبصورتی کو بحال کرنا ہے بلکہ عوامی حفاظت کو بھی یقینی بنانا ہے۔ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے ترجمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے یہ آپریشن جاری رہے گا اور اس میں کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ تجاوزات کے خلاف تعاون کریں اور ان غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے میں کنٹونمنٹ بورڈ کا ساتھ دیں۔
