صنعتکار ہمارے معزز صارفین ہیں، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو

لاہور (عمر حیات چوہدری) قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کے وفد نے چیئرمین عبداللہ مغل کی قیادت میں چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ سے لیسکو ہیڈکوارٹر میں ملاقات کی۔ وفد نے اس موقع پر صنعتی صارفین کو درپیش مختلف مسائل، بالخصوص ڈیفیکٹو میٹرز کی تبدیلی، ڈی۔جمپر، کم وولٹیج اور بجلی کی فراہمی سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنعتکار نہ صرف ہمارے بڑے صارف ہیں بلکہ ملکی معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی صارفین کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، چاہے وہ میٹر تبدیلی ہو، لائن فالٹ ہو یا کسی تکنیکی خرابی کا معاملہ،تمام معاملات میں فوری ایکشن لیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ لیسکو اپنے صنعتی صارفین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ بجلی کی فراہمی بلا تعطل اور معیار کے مطابق یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ انڈسٹریل سیکٹر کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور ہر شکایت کا بروقت ازالہ کیا جائے۔
اس موقع پر(ڈائریکٹر آپریشنز) اعجاز بھٹی،(سی ایس ڈی) عباس علی اور ایسی ساؤتھ سرکل جمشید زمان بھی موجود تھے۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس کا اختتام باہمی تعاون اور مضبوط رابطے کے عزم کے ساتھ ہوا۔