لاہور(عمرحیات چوہدری)امیر جماعت اسلامی لاہورضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے حکومت پنجاب نے شہر میں قانون نافذ کرنے اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کیلئے پیرا فورس تشکیل دے رکھی ہے، تاہم فورس کے بعض اہلکاروں کی جانب سے تاجروں، دکانداروں، ریڑھی بانوں اور شہریوں سے مبینہ بھتہ خوری اور ناروا سلوک کی شکایات مسلسل موصول ہو رہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے کارروائی کرنا پیرا فورس کی ذمہ داری ہے، لیکن اس اختیار سے تجاوز کرتے ہوئے غریب ریڑھی بانوں کے ساتھ بدتمیزی، ان کی ریڑھیاں الٹ دینا، سامان کو نقصان پہنچانا اور معزز شہریوں کی تضحیک کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ آئین اور قانون کسی بھی اہلکار کو شہریوں کی عزت نفس مجروح کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی لاہور نے اس صورتحال کے خلاف اعلیٰ حکام کو متعدد شکایات درج کروائیں، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا ہے۔ جماعت اسلامی لاہور اس اقدام کا خیر مقدم کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پیرا فورس سے کالی بھیڑوں کے خاتمے اور ملوث اہلکاروں کو سزا دینے کے اعلانات سے شہریوں، تاجروں اور غریب ریڑھی بانوں میں اعتماد بحال ہوگا اور لاہور کے شہریوں کو درپیش مسائل میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکتی ہے۔
