10

بدل دو نظام” ممبرشپ مہم میں عوام کی بھرپور شرکت، لاکھوں افراد کی شمولیت کرپٹ نظام کے خلاف ریفرنڈم ہے۔


امیر جماعت اسلامی لاہورضیاء الدین انصاری ایڈؤوکیٹ کی باغبانپورہ ڈور ٹو ڈور ممبر شپ مہم کے موقع پر میڈیا سے گفتگو •
لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ عوامی امنگوں کے برعکس، مایوس کن اور غریب دشمن ہے۔ جماعت اسلامی ظالمانہ ٹیکسوں، مہنگائی اور عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف بھرپور عوامی تحریک چلائے گی۔ حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں عوامی حقوق کے حصول کی جدوجہد مزید تیز کی جائے گی اور ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغبانپورہ میں جماعت اسلامی لاہور، جے آئی یوتھ اور شعبہ دعوت کے زیر اہتمام جاری “بدل دو نظام” ممبرشپ مہم، ڈور ٹو ڈور رابطہ مہم اور ممبرشپ کیمپ کے موقع پر میڈیا نمائندوں اور تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امیر جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد، صدر جے آئی یوتھ لاہور جبران بٹ، امیر جماعت اسلامی شمالی لاہور میاں عثمان افضل، سیف الرحمن، زاہد شباب بٹ، عبدالرحمن اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مختلف بازاروں، تجارتی مراکز اور عوامی مقامات کا دورہ کیا، تاجروں، دکانداروں اور شہریوں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں جماعت اسلامی کی ممبرشپ اختیار کرنے اور حقیقی تبدیلی کی جدوجہد میں شامل ہونے کی دعوت دی۔رہنماؤں نے مختلف بازاروں اور چوکوں میں ہینڈ بل تقسیم کیے جبکہ بڑی تعداد میں شہریوں نے ممبرشپ فارم بھر کر جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی۔ تاجروں اور شہریوں نے ملک میں جاری کرپٹ اور عوام دشمن نظام کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد کا ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد قرآن و سنت کے عادلانہ نظام کا قیام، عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور ملک کو اسلامی، فلاحی اور خوشحال ریاست بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “بدل دو نظام” ممبرشپ مہم میں لاکھوں افراد کی شمولیت موجودہ کرپٹ نظام کے خلاف عوامی ریفرنڈم کی حیثیت رکھتی ہے جبکہ عوام کی جوق در جوق جماعت اسلامی میں شمولیت حقیقی تبدیلی کی نوید ہے۔انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی مہنگائی، بے روزگاری، ظالمانہ ٹیکسوں اور استحصالی معاشی نظام کے خلاف بھرپور عوامی تحریک کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔ انہوں نے وفاقی بجٹ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 17 ہزار ارب روپے کا بجٹ الفاظ کا گورکھ دھندہ اور عوام کے ساتھ بڑا دھوکہ ہے۔ بجٹ میں عام آدمی، تنخواہ دار طبقے اور سرکاری ملازمین پر مزید مالی بوجھ ڈالا گیا ہے جبکہ اشرافیہ کو حسبِ روایت تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے تحفظ، مہنگائی کے خاتمے اور ملک کو سودی و استحصالی معاشی نظام سے نجات دلانے کے لیے ہر فورم پر جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جماعت اسلامی کا ممبر بن کر اسلامی، فلاحی اور خوشحال پاکستان کی تحریک کا حصہ بنیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں