پیٹرول کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتیں عوام کے لیے ناقابلِ برداشت معاشی بوجھ بن چکی ہیں۔
7 اگست کا پہیہ جام احتجاج مہنگائی، پیٹرولیم لیوی اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کی نیلا گنبد میں وفد کے ہمراہ ڈور ٹو ڈور مہم، تاجروں اور شہریوں کی بھرپور حمایت کا اعلان
لاہور(عمرحیات چوہدری)امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے 7 اگست کے ملک گیر پہیہ جام احتجاج کی تیاریوں کے سلسلے میں نیلا گنبد کے مختلف تجارتی مراکز کا دورہ کیا اور وفد کے ہمراہ ڈور ٹو ڈور عوامی رابطہ مہم چلائی۔ اس موقع پر انہوں نے چھوٹے بڑے تاجروں، دکانداروں اور عام شہریوں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں جماعت اسلامی کے احتجاج کے مقاصد سے آگاہ کیا۔وفد میں شاہد نوید ملک، احمد سلمان بلوچ، سرفراز بٹ، عدنان میر سمیت دیگر مقامی قائدین شریک تھے، جبکہ زاہد بھٹی، جمشید بٹ، فرخ عظیم، شعیب، ٹونی بٹ، محمد شیراز اور عبداللہ جاوید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈور ٹو ڈور مہم کے دوران عوامی آگاہی کے لیے 7 اگست کے پہیہ جام احتجاج سے متعلق ہینڈ بلز بھی تقسیم کیے گئے۔ تاجروں اور شہریوں نے احتجاجی کال کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے احتجاج میں شرکت اور پہیہ جام ہڑتال کو کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں عوام کے حقوق کی مؤثر آواز صرف جماعت اسلامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتیں عوام کے لیے شدید معاشی اذیت بن چکی ہیں، جبکہ مہنگائی اور بے روزگاری نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے اور لوگ فاقوں تک پر مجبور ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، جبکہ دوسری طرف حکمرانوں کے شاہانہ اخراجات اور پروٹوکول میں کوئی کمی نظر نہیں آتی۔ عوام کے مسائل کے حل کے بجائے ان پر مزید معاشی بوجھ ڈالا جا رہا ہے، جسے مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے اہلِ لاہور سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ 7 اگست کو اپنی گاڑیاں شاہراہوں پر روک کر پرامن، جمہوری اور آئینی احتجاج کا حصہ بنیں تاکہ حکمرانوں تک عوام کی آواز مؤثر انداز میں پہنچ سکے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی 7 اگست کو بھرپور پہیہ جام احتجاج ہوگا اور عوام سڑکوں پر نکل کر پرامن طریقے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔
