لاہور (عمرحیات چوہدری) عیدالفطر قریب آتے ہی ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے انعام اللہ نے مسافروں کی سہولت کے حوالے سے افسران و اسٹاف کو احکامات جاری کر دیے۔ اسی تناظر میں ڈی ایس ریلوے نے لاہور ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا اور اسٹیشن پر مسافروں کے لیے سہولیات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے اسٹیشن پر صفائی ستھرائی، ویٹنگ رومز، فیملی لاؤنج اور دیگر مسافر سہولیات کا بغور معائنہ کیا۔
ڈی ایس ریلوے لاہور نے اسٹیشن پر موجود مسافروں سے بھی ملاقات کی اور ان سے دستیاب سہولیات کے حوالے سے براہ راست فیڈبیک حاصل کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران و عملے کو ہدایت کی کہ عید کے موقع پر متوقع غیر معمولی رش کے پیش نظر تمام انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے اور مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
ڈی ایس ریلوے انعام اللہ نے آئی ٹی اسٹاف کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی بھی وجہ سے ٹرین تاخیر کا شکار ہو تو مسافروں کو بروقت ایس ایم ایس اور دیگر ذرائع سے آگاہ کیا جائے تاکہ انہیں غیر ضروری انتظار کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ریلوے کے لیے ہر مسافر قابلِ احترام ہے لہٰذا مسافروں کی خدمت کو عبادت اور نیکی سمجھتے ہوئے فرائض انجام دیے جائیں۔
اس موقع پر ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن آفیسر سیدہ مریم مرضیہ زہرا، ڈویژنل کمرشل آفیسر عبداللہ ارشد، ڈویژنل سگنل اینڈ ٹیلی کام انجینئر ندیم اقبال خٹک، ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر عبدالرحمان، اسٹیشن منیجر ظفر اقبال سمیت دیگر متعلقہ افسران و عملہ بھی موجود تھا۔
